للت مودی کا تختہ الٹنے کی بھارتی بورڈ کی کوششیں ناکام

Lalit Modi

Lalit Modi

جے پور (جیوڈیسک) بھارتی بورڈ کی راجستھان میں للت مودی کا تختہ الٹنے کی کوششیں ناکام ہو گئی، کوآپریٹو سوسائٹی رجسٹرار نے بی سی سی آئی کی پانچ رکنی کمیٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

دوسری جانب سابق آئی پی ایل چیئرمین ناگپور ڈسٹرکٹ کرکٹ کے پھر صدر منتخب ہو گئے، آرسی اے کے نائب صدر محمود عابدی کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایڈہاک کمیٹی تعینات کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف کرمنل کیس دائر کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق راجستھان کرکٹ ایسویسی ایشن کے انتخابات میں آئی پی ایل کے سابق چیئرمین اور تاحیات پابندی کے شکار للت مودی کی کامیابی بھارتی بورڈ کو ہضم نہیں ہو رہی۔

اس نے پہلے ہی آر سی اے کی رکنیت معطل کردی اور اب وہاں کے کرکٹ معاملات چلانے کیلیے اپنی کمیٹی قائم کی ہے، جس کی سربراہی سابق بیٹسمین برجیش پٹیل کررہے ہیں جبکہ اس میں سینئر اسپورٹس ایڈمنسٹریٹر امرت ماتھر بھی کنوینر کے طور پر شامل ہیں، اس کمیٹی نے گذشتہ دنوں راجستھان کے حکومتی عہدیداروں سے ملاقات بھی کی مگر اس وقت بی سی سی آئی کی کوششوں کو دھچکا لگا جب راجستھان کے کوآپریٹو سوسائیٹی رجسٹرار نے ایڈہاک کمیٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کو متوازی باڈی بنانے کا اختیار حاصل اور وہ یہ کام بہار میں کرچکا ہے۔ ادھر مودی مسلسل چوتھی مرتبہ ناگپور ڈسٹرکٹ کرکٹ کے صدر منتخب ہوئے ہیں، اسی پوزیشن کی وجہ سے انھیں آرسی اے کی سربراہی حاصل ہوئی، راجستھان کرکٹ ایسویسی ایشن کے نائب صدر محمود عابدی نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی بورڈ ایڈہاک کمیٹی تشکیل دینے سے باز رہے اگر اس نے ایسا کیا تو اس کے خلاف کرمنل کیس دائر کیا جائے گا، ہم اس حوالے سے راجستھان اسپورٹس ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے۔