اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ ملک کوسیاسی خلفشار سے معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگانے میں محتاط ہو گئے ہیں۔
پاکستان ایپرل فارم کراچی میں صنعت کاروں سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایا کار پاکستان کی جانب رخ نہیں کر رہے۔
صنعت کاروں نےوفاقی وزیر تجارت کو ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ تمام وزارتوں کو مشترکا تعاون سے ٹیکسٹائل شعبے کے مسائل حل کرنے ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کیلئے سود مند ثابت ہوا، یورو اسٹیٹس کےا عدادوشمار کے مطابق رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران یورپی ممالک کو ملکی ٹیکسٹائل برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔
ایک سوال پر خرم دستگیر خان نے بتایا کہ پاکستانی مصنوعات تاجکستان کو برآمد کرنے پرافغانستان میں درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔