کراچی (جیوڈیسک) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ زمینو ں پر قبضوں کے خلاف سندھ اسمبلی میں قانون سازی کے لیے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز سندھ حکومت کی مدد کرے، ’’آباد ‘‘کے ماہرین اس کا مسودہ تیار کرکے ہمیں دے دیں ہم قانون سازی کرکے اسے پورے سندھ میں نافذ کردیں گے۔ یہ بات انہوں نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے تحت ایکسپو سینٹر میں منعقدہ تین روزہ ’’آباد انٹرنیشنل ایکسپو2014ء‘‘کے افتتاح پر خطاب میں کہی۔
اس موقع پر آباد کے چیئرمین محسن شیخانی، سینئر وائس چیئرمین سلیم قاسم پٹیل، وائس چیئر مین حنیف گوہر، چیئرمین سدرن ریجن اورنمائش کے روح رواں حارث مٹھانی، بدر ایکسپو کے چیف آپریٹنگ آفیسر زہیر نصیر، ترکی کے قونصل جنرل اور سیکریٹری ہاؤسنگ سندھ بھی موجود تھے۔
آغا سراج درانی نے اعلان کیا کہ اگر زمینوں پر قبضے کے مسائل ہیں تو آباد اپنے پلیٹ فارم سے قانونی ماہرین کی ٹیم تشکیل دے کر مسودہ تیار کرے تاکہ ہم اسے سندھ اسمبلی سے منظور کراکے قانون سازی کرسکیں اور انہیں آئندہ اس قسم کے مسائل کا سامنا نہ ہو۔