لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے بانی چیئرمین ڈاکٹر غازی شاہدرضا علوی،مرکزی صدرایم اے تبسم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میںسب سے بڑے مسائل کرپشن اور مہنگائی ہیںجن کے خلاف معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
ملک میں12ارب روپے سے زائد کی روزانہ خردبردلمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف پاکستان کاشمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے تو دوسری جانب ملک میں کرپشن کادن بدن بڑھنا تشویش ناک امر ہے۔سودی معاشی نظام نے اداروں کوتباہ اور لوگوں کو شدید مشکلات کا شکار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان آج عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت بحرانستان بن چکا ہے۔وسائل سے مالامال اور زرعی ملک ہونے کے باوجود عوام کونہ توکسی قسم کاکوئی ریلیف میسر ہے اور نہ ہی دووقت کی روٹی کمانا آسان ہے۔
حکومتی پالیسیاں محض وقت گزارنے کے مترادف ہیں۔ہرآنے والی حکومت بلندوبانگ دعوے کرتی ہے مگر بدقسمتی سے 68برس گزرجانے کے باوجود عوام کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔باکردار اور محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک وقوم کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔