جھنگ (جیوڈیسک) کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ سنٹر جھنگ کے انچارج اشعر حمید سیال نے کہا ہے کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن حکومت پنجاب کا ایک اہم کار نامہ ہے۔ اس سسٹم کے اجراء سے محکمہ مال میں نچلی سطح پر کرپشن کا خاتمہ ہوا اور اس کے ذریعے قبضہ مافیا ‘ مقدمہ بازی اور زمین کے حوالے سے لڑائی جھگڑوں کا بھی خاتمہ ہوا۔ جھنگ سمیت صوبہ بھر میں قائم کئے گئے یہ سنٹر عوام کو اپنی زمین کے معاملات میں بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لینڈریکارڈ کی کمپیوٹر ائزیشن عوامی خدمت کا بہت بڑا منصوبہ ہے جس سے فردات کے حصول اور انتقال اراضی کا فرسودہ نظام ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکا ہے، عوام الناس کو در پیش مسائل کا کافی حد تک خاتمہ ہوا اور لوگوں کو لینڈ ریکارڈ تک آسان رسائی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جعل ساز لینڈ مافیا کو کیفر کردار تک پہنچانے اور زمینوں کی محفوظ ہاتھوں میں رکھنے کے لئے لینڈ کمپیوٹرائزیشن پراجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا جس پر تقریباً 6 ارب روپے لاگت آئی ہے۔