راولپنڈی (جیوڈیسک) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور قربانیوں پر ثابت قدم رہیں گے اور وطن کے لئے قربانیاں دینے والوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں آپریشن ضرب عضب اوردہشت گردی کےخلاف دیگراقدامات کاجائزہ لیا گیا۔
اس موقع پرکانفرنس کو ملک کی اندرونی و بیرونی قومی سلامتی سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ شرکا نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف ملنے والی کامیابیوں اور قربانیوں پر ثابت قدم رہیں گے، وطن کے لئے قربانیاں دینے والوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔