اسلام آباد/ لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں ایک بار پھر بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، پشاور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ رات بادل جم کر برسے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے سوموار تک اسلام آباد ، ہزارہ ، پشاور ، مردان اور کشمیر میں چند مقامات پر میگھا برس سکتا ہے۔
گزشتہ رات اسلام آباد ، راولپنڈی ،پشاور ، مردان ، نوشہرہ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں باران رحمت برسا تو جل تھل ایک ہوگیا ، جڑواں شہروں اسلام آباد ، راولپنڈی میں گزشتہ رات کی بارش کے بعد آج موسم خوشگوار ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج کرنیں بکھیر رہا ہے ، آج دن کے اوقات میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی تاہم شام کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ ابر کرم برس سکتا ہے۔
کراچی سمیت زیریں سندھ میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مطلع جزوی یا مکمل ابرآلود رہے گا ۔ کہیں کہیں رم جھم کا بھی امکان ہے جبکہ بالائی اور جنوب مشرقی سندھ میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
موسم کی صورتحال بتانے والوں نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چار روز کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، لاہور، سرگودھا ، پشاور ، ہزارہ، مردان ، مالاکنڈ ، بالائی فاٹا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بادل برس سکتے ہیں جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔