کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ روز کراچی کے علاقے ملیر سے گرفتار ہونے والے کے ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاطف احمد نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں۔ ملزم نے تفتیشی ٹیم کو بتایا کہ وہ کورنگی چکرا گوٹھ میں واقع ذوالفقار علی بھٹو لاء کالج کی زمین کی چائنہ کٹنگ میں بھی ملوث ہے۔
اس نے لاء یونیورسٹی پر ہونے والی پلاٹنگ کی اصل فائلیں لینڈ مافیا گروپ کے سرفراز مرچنٹ کو بنا کر دیں۔ قبضے کے پلاٹوں کو فروخت کرکے رقم کا بڑا حصہ دبئی اور لندن منتقل کیا گیا۔ دبئی میں رقم اعلیٰ سیاسی شخصیت کو بھیجی جاتی تھی۔ رقم کی منتقلی کا کام اس کا بھائی اسرار کرتا تھا۔
ملزم کے انکشافات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عاطف کے بھائی اسرار کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزم کے انکشافات کی روشنی میں کورنگی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر ملازمین کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ کرپشن یا کسی بھی جرم میں ملوث کوئی بھی شخص ملک سے فرار ہوا تو اسے تحقیقات کے لئے پاکستان واپس لائیں گے۔