ایک زبان ، ایک نصاب اور ایک نظام ملکی ترقی کی بنیاد ہے۔ زبیر حفیظ

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے نو منتخب ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ ایک زبان، ایک نصاب اور ایک نظام ملکی ترقی کی بنیاد ہے، طبقاتی نظام تعلیم نے افراد کے مختلف طبقوں کو قریب تر لانے کے بجائے اْن میں دوریاں پیدا کیا ہے۔

تقسیم در تقسیم کے عمل کے ذریعہ قومی یک جہتی کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور ترقی کے مواقع پر بھی اجارہ داریاں قائم کی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردو زبان تحریک کے صدر ڈاکٹر شریف نظامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اردو زبان تحریک کے ایک وفد نے صدر ڈاکٹر شریف نظامی کی قیادت میں اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ناظم اعلیٰ سے ملاقات کی۔ ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ برطانوی دور میں یہ چیز اس لئے ضروری سمجھی گئی کہ وہ ایک استعماری حکومت تھی۔ قوم کا اتحاد اس کے لئے نقصان دہ تھا۔ اس لئے اس نے طبقہ خاص کے بچوں کے لئے علیحدہ اور اعلیٰ معیار کے تعلیمی اداروں کے قیام کا تصور دیا۔

پاکستان کے قیام کے بعد یہ نظام ختم ہو جانا چاہئے تھا لیکن اس میں مزید وسعت اور قوت پیدا کی گئی۔ ہمیں تعلیمی زندگی میں ہر قسم کی تقسیم ختم کر کے ملک کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک یکساں اور واحد نصاب تعلیم اور نظام تدریس رائج کرنا ہوگا۔ اس کے بغیر تقسیم اور سماجی بحرانوں کو ختم نہیں کیا جاسکے گا۔قومی زبان اْردوکے خاتمے کے لیے بیرونی اشاروں پر انگریز ی ذریعہ تعلیم نافذ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

قومی زبان کی ترقی کی کوششیں کرنے کے بجائے حکمرانوں کی طرف سے خاتمے کے لیے آلہ کار بننا قابل مذمت ہے۔ناظم اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نصاب تعلیم میں تبدیلی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ملک میں مغربی تہذیب کو فروغ دینے کے لیے سیکولر نظام تعلیم کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ان سازشوں کا آلہ کار بننا انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔

انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے نہ کہ نصاب کو مکمل انگریزی میں کیا جائے ایک غیر ملکی زبان کو اتنی اہمیت کیو ں دی جا رہی ہے اور اردو کو اسکے جائز حق سے محروم کیوں رکھا جارہا ہے۔ عالمی لسانی سروے کے مطابق اردو دنیا کی تیسر ی بڑی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبا ن ہے، یہ زبان ہمارا قومی سرمایہ ہے جو ہمارے دینی ،ملی ،ثقافتی اور تہذیبی اقدار کی وارث ہے۔

زبیر حفیظ نے اردو زبان تحریک کی قومی زبان کے لئے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اسلامی جمعیت طلبہ کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔