ایک زبان ، ایک نصاب اور ایک نظام ہی کامیابی کی ضمانت ہے :قائم مقام ناظم اعلیٰ جمعیت
Posted on June 2, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
لاہور (سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے قائم مقام ناظم اعلیٰ سید مدثر شا ہ نے کہا ہے کہ اردو ذریعہ تعلیم ملکی ترقی کے لئے لازم ملزوم ہے۔ ایک زبان ، ایک نصاب اور ایک نظام ہی کامیابی کی ضمانت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی زبان تحریک کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ اقوام نے اپنی ہی زبان کو ذریعہ تعلیم بنا کر ترقی کی۔ حکومت شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے سر توڑ کوشش کر رہی ہے لیکن ایک چیز اس کی نظروں سے بالکل اوجھل ہے۔اس ضمن میں سب سے بڑی رکاوٹ انگریزی زبان کی لازمی حثییت ہے۔
اگر اسے اختیار حثییت دے دی جائے تو ہمارے ملک میں سو فیصد شرح خواندگی کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔ محض انگلش بطور لازمی مضمون ہونے کی وجہ سے ہر سال طلباء کی ایک بڑی تعداد ناکامی سے دوچار ہو رہی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ یکساں نظام تعلیم اردو رائج کیا جائے۔اس طرح ملک میں تعلیم بھی عام ہو گی اور ہمارے نوجوانوں کی رٹا بازی میں صرف ہونیوالی صلاحیتیں بھی پروان چڑھیں گی۔