حیدر آباد (جیوڈیسک) لطیف آباد نمبر 6 میں پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور اس کے قائد کی ناک پر مکھی بھی بیٹھ جائے تو پریس کانفرنس ہوتی تھی۔
لیکن اب الطاف حسین پر را کا اینجٹ ہونے جیسے اتنے بڑے الزامات لگے، سرفراز مرچنٹ والی دستاویزات سب کے سامنے ہیں لیکن ایک لفظ نہیں کہا گیا حالانکہ محمد انور پر انڈین ہونے کا الزام لگا تھا تو اتنی بڑی پریس کانفرنس کر ڈالی تھی جس میں پاسپورٹ دکھائے گئے اور میڈلز بھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم گنہگار ہیں جو بربادی ہوئی اس میں شراکت دار ہیں لیکن جان بوجھ کر کچھ نہیں کیا کیونکہ ہم نے ہی تو ایک شخص کو خدا بنا رکھا تھا جس کے لئے دشمنیاں کیں اور دشمن بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم یا کسی پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کے لئے ہم نے کام شروع نہیں کیا۔
ہمارے لئے عوام سب سے اہم ہیں جنہیں ہم اپنی ریڑھ کی ہڈی کی مانند سمجھتے ہیں۔