لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہونہار طلباء وطالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، تیسر ے مرحلے میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام ہے۔
میٹرک کے ذہین طلباء وطالبات کو بھی شامل کیا جائے گا۔ لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رواں سال صوبے کے تمام گرلز اور جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے تمام اسکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اساتذہ اور طلبہ کی حاضری یقینی بنانے کیلیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام وضع کیا جائے، رحیم یارخان میں انجینئرنگ اور آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے اوردانش اسکولوں کی طرز پر سرکاری اسکولوں میں سمارٹ بورڈ کے ذریعے تعلیم دینے کا جائزہ لیا جائے۔