گوجرانوالہ : وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ کی فراہمی طلبا ء و طالبات کو دانش کی منزل تک پہنچانے کا راستہ ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت کا یقین ہے کہاس اقدام سے پاکستانی طلبا ء علم کے حصول کے لئے اہل مغرب کی محتاجی کو ترک کر کے خودنئے علوم پیدا کرنے کے قابل ہو جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوائیٹ کالج برائے خواتین میں منعقد ہونے والی طلباء طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے طلبا ء و طالبات کو بلا امتیاز اورخالصتاََ میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کر کے ترقی کے راستے کی رکاوٹوں کو دور کر دیا ہے اور وسائل کا رخ تعلیم کی جانب موڑ کر پاکستان کے مستقبل میں بہترین سرمایہ کاری کی ہے ،حکومت کے ان اقدامات کا پھل قوم کو اگلے بیس سال میں ترقی اورخوشحالی کے ساتھ ساتھ ایک روشن سوچ کی صورت میں ضرور ملے گا،انہوں نے کہا کہ اپنے جمہوری حقوق کی گردان کرنے والوں کو یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ پاکستانی جمہوریت بے پناہ صعوبتوں اور مشکلات سے گزر کر موجودہ مقام تک پہنچی ہے،ہمیںمیسر جمہوری حقوق ہمارے پاس ایک امانت کی طرح ہیں اس لئے انہیں سنجیدگی اور احتیاط کے ساتھ استعما ل کرنا چاہئے اور آنے والی نسلوں کو منتقل کرنے کے لئے انہیںسنبھال کر رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالات کا رونا رونے اور دن رات ملک کی خرابیاں بیان کرنے والے دوسروں پر جتنا مرضی کیچڑ اچھال لیں لیکن اس فعل سے ان کا اپنا دامن صاف نہیں ہو سکتا،ذاتی خواہشات پوری نہ ہونے پر جمہوریت اور اپنے ملک کو برا بھلاکہنا کسی بھی صورت مناسب رویہ نہیں ہے، تقریب سے ایم این اے شازیہ اشفاق مٹو،ایم پی ایز حاجی عبدالرئوف مغل ،چوہدری اشرف علی انصاری،توفیق بٹ، حاجی نواز چوہان،عمران خالد بٹ ،ڈائریکٹر کالجز غلام محمود سپرا،پروفیسر سیف اللہ چیمہ محترمہ عامرہ چیمہ،مسز رفعت سہیل ،پروفیسرآفتاب محسن نے بھی خطاب کیا، علاوہ ازیں وفاقی وزیر تجارت نے گوجرانوالہ پریس کلب میں لائیبریری کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اپنے لگائے ہوئے الزامات کا جوڈیشل کمیشن سے تفتیش کرانے کے معاملے میں خود مخمصے کا شکار ہے تاہم انکی جانب سے حکومت کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کی بات خوش آئند ہے،ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ خطے کی معاشی ترقی ہمارے باہمی معاشی تعلقات سے جڑی ہوئی ہے۔
بھارت کے ساتھ تجارتی روابط میں تعطل کی وجہ بھارت کی جانب سے ان روابط کا معطل کیا جانا ہے ،افغان صدر کی پاکستان آمد سے پاک افغان تعلقات میںاچھی اور بڑی تبدیلی کی امید پیدا ہوگئی ہے اور بیس سال پہلے میاں نواز شریف نے پاکستان کی وسطی ایشیا ء کے ممالک تک رسائی کا جو خواب دیکھا تھا پاکستان ،افغانستان اور تاجکستان کے درمیان ہونے والے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر آمادگی سے اس کے پورے ہونے کے روشن امکانات پیدا ہو گئے ہیں،ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس قوم کے لئے ایک نعمت ثابت ہوا ہے اور پہلے 9ماہ میں پاکستان سے یورپی یونین کو برآمدات میں 90کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور جون 2015ء تک ایک ارب ڈالر کی اضافی ایکسپورٹس کا ٹارگٹ پورا ہو جائے گا۔