لاڑکانہ میں کچی شراب پینے چھ افراد جان کی بازی ہار گئے

Alcohol Drink

Alcohol Drink

لاڑکانہ (جیوڈیسک) لاڑکانہ میں کچی شراب پینے کے باعث گذشتہ روز سے تاحال چھ افراد جان کی بازی ہار گئے ،واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔ صوبائی وزیر ایکسائیز مکیش کمار چاولہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ایکسائز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

چانڈکا میڈیکل ہسپتال کے ذرائع کے مطابق کچی شراب پینے کے باعث لاڑکانہ کے ولید محلہ کا رہاشی زاہد کلہوڑو، مسیح کالونی کا جاوید مسیح، وارھ کا رہائشی رضوان مسیح، فاروق مسیح،امر لعل اور سعید احمد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دو افراد وقار اور وسیم کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا ہے تاہم صوبائی وزیر ایکسائیز مکیش کمار چاولہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ایکسائیز لاڑکانہ ڈویژن سے چوبیس گھنٹوں میں واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور شراب فروخت کرنے والے لاڑکانہ شہر کے چار دکانداروں کے درمیان رشوت کے معاملے پر اختلافات کے باعث لاڑکانہ شہر کے چاروں شراب خانے بند ہونے کے باعث دستیاب کچی شراب پینے سے ہلاکتیں ہوئیں۔