کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ان دنوں 18 اکتوبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کی مہم پر ہیں۔ انھوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماء شاہ جہان شاہ رضوی کے گھر پر سینئر صحافیوں، اخبارات کے ایڈیٹرز، کالم نویسوں اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا پہلا جلسہ تاریخ ساز ہو گا۔ انکی محبت میں اتنے لوگ آئیں گے کہ کمپیوٹر گنتی کرنا بھول جائیں گے۔ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جلسے کیلئے شاہ محمود قریشی تھرپارکر سے لوگ لائے تھے۔
تحریک انصاف کے لاڑکانہ کے جلسے کے بارے میں سوال پر انھوں نے سندھی میں کہا کہ اس میں ڈیڑھ ،دو، ساڑھے تین لوگ آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم غربت کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں لیکن سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری بدامنی کیس کے نام پر آدھے سندھ پر حکومت کرتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ہم سے ناراض نہیں اب یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ ہمارے جلسے کے لئے کب ہمیں خوش آمدید کہتے ہیں۔