لاڑکانہ کی طالبہ نمرتا کی موت خودکشی قرار، جوڈیشل انکوائری کمیٹی کی رپورٹ سامنےآگئی

Nimrata

Nimrata

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) لاڑکانہ میں ڈینٹل کالج کی طالبہ نمرتا کماری کی پر اسرار ہلاکت کے لیے بنائی گئی جوڈیشل انکوائری کمیٹی نے نمرتا کی موت کو خودکشی قرار دے دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نمرتا اپنے دوست مہران ابڑو سے شادی کی خواہش مند تھی اور دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات بھی تھے لیکن مہران ابڑو نے شادی سے انکار کر دیا تھا جبکہ وہ اسلام قبول کرنے سے بھی ہچکچا رہی تھی۔

جوڈیشل انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق نمرتا اپنے بھائی اور والد کے سخت رویے سے بھی مایوس تھی جس کی وجہ سے نمرتا نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈپریشن سے نہ نکالنے پر مہران ابڑو کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ 16 ستمبر 2019 کو نمرتا کی لاش کالج ہاسٹل میں ان کے کمرے سے ملی تھی جس پر کہا گیا تھا کہ طالبہ نے خودکشی کی ہے جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی موت کی وجہ خودکشی قرار دی گئی تھی۔