لاس ویگاس (جیوڈیسک) امریکی شہر لاس ویگاس کی پولیس کو مشہور راک بینڈ گنز اینڈ روزز کے گٹارسٹ اور ان کی منگیتر کو پولیس ہیلی کاپٹر میں سواری کرانا مہنگا پڑگیا۔ معاملہ منظرعام پر آنے کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی ڈی جے ایشبا اور ان کی منگیتر نے گزشتہ ہفتے لاس ویگاس پولیس ڈپارٹمنٹ کے ہیلی کاپٹر میں سواری کی تھی۔
دونوں پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک میدان میں اترے جہاں منگنی کی تقریب منعقد کی گئی۔ ڈی جے ایشبا نے ہفتے کو سماجی ویب سائٹ پر ہیلی کاپٹر میں سواری کا انکشاف کیا اور لاس ویگاس پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
معاملہ سامنے آنے پر لاس ویگاس پولیس نے کمیشن قائم کردیا ہے جو اس بات کی تحقیقات کررہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو نجی مقصد کے لیے استعمال کرکے محکمے کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔