انچیون (جیوڈیسک) ایشین گیمز کے آخری روز 7 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا، چین کے ورلڈ نمبر ون ٹیبل ٹینس پلیئر زو زین اپنے 17 سالہ ہموطن وین ژینڈونگ کو زیر کرنے میں ہلکان ہوگئے، ویمنز سنگلز فائنل میں بھی چینی پلیئرز کا ٹکراؤ ہوا۔ سافٹ بال کے مینز اور ویمنز دونوں ٹائٹل جنوبی کوریا کے نام رہے۔ تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز کے آخری روز ٹیبل ٹینس کے دونوں سنگلز ٹائٹلز کیلیے چینی پلیئرز کے درمیان زور آزمائی ہوئی۔
مینز میں ورلڈ نمبر ون ز ی زین کو اپنے ہی ملک کے 17 سالہ فین ژینڈونگ کی جانب سے کافی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ انھوں نے سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی مگر ورلڈ نمبر 2 اور یوتھ اولمپک چیمپئن نے ان کو پورے مقابلے کے دوران ایک طرح سے تگنی کا ناچ نچائے رکھا۔ ویمنز ٹیبل ٹینس سنگلز میں چین کی لیو شیوین نے ہموطن ژویولنگ کو پچھاڑ کر سونے کا تمغہ پایا۔
ان 2 کامیابیوں کی بدولت چین نے اپنے سونے کے تمغوں کی تعداد 151 کی۔ کراٹے میں مینز 84 کلو گرام میں جاپان کے روتارو اراگا نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ پلس 84 کے جی میں کویت کے رشید الموتیری فاتح رہے۔ ویمنز 50 کے جی میں چائنیز تائپے کی کوٹسوئی پنگ نے طلائی تمغہ جیتا۔ سافٹ بال کے مینز فائنل میں جنوبی کوریا نے جاپان کو 2-0 سے شکست دی جبکہ ویمنز میں میزبان خواتین نے جاپان ہی کو 2-1 سے زیر کیا۔