کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکن کرکٹر لاستھ ملنگا کو بیان بازی مہنگی پڑ گئی، وزیرِ کھیل کا بندر سے موازنہ کرنے پر فاسٹ بولر پر جرمانہ عائد کر دیا گیا، چھ ماہ کی معطل سزا بھی سنا دی گئی۔
لاستھ ملنگا کو وزیر کھیل سری جیاسیکارا پر تنقید مہنگی پڑ گئی، پیسر چیمپئنز ٹرافی میں تین ہی وکٹیں حاصل کرسکے، جس پر سری لنکا کے وزیر کھیل نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں سری لنکا کے کچھ کھلاڑی بہت موٹے تھے۔
لاستھ ملنگا نے بھی کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ یہ ایسے ہے جیسے بندر طوطے کے گھونسلے میں گھس جائے اور اس کے بارے میں بات کرے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 33 سالہ کرکٹر پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا اور چھ ماہ کی معطل سزا سنائی دی، تاہم لاستھ ملنگا جمعہ کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے میچ کے لیے دستیاب ہونگے۔