شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں فتح کیلئے کھلاڑی پوری کوشش کریں گے، وہ شارجہ میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے وقت میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔
سابق پاکستانی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز اور نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک عمدہ کارکردگی پیش کی ہے، اُنہیں توقع ہے کہ ٹیم سیریز کے آخری میچ میں بھی و ننگ ٹریک پر ہی رہے گی۔
وقار یونس نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہمارے فاسٹ بولرز ریورس سوئنگ نہیں کرپا رہے ، اُنہوں نے کہا کہ اس سیریز میں ریورس سوئنگ کم کم دیکھنے میں آئی ہے۔ لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹیم کو فی الحال اصل تیز رفتار بولرز دستیاب نہیں جیسا ماضی میں ٹیم میں تھے۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ہر میچ کے بعد بہتر ہوتے جارہے ہیں اوروہ انتہائی پُرامید ہیں کہ ہر میچ کے بعد اُن کے کھیل میں نکھار آتا جائے گا۔