اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں سندھ اور پنجاب میں تیزاب پھینکنے کے 2 سو 81 واقعات میں صرف 40 ملزمان پکڑے گئے، پارلیمانی سیکریٹری کابینہ ڈویژن راجا جاوید اخلاص نے کہا سعودی عرب کو اسلحہ دیا ، نہ ہی ایسا کوئی معاہدہ کیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وزارت قانون نے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ پانچ سال میں سندھ میں تیزاب پھینکنے کے 20 واقعات میں صرف دو ملزمان کو سزا ہوئی۔پنجاب میں 261 واقعات سامنے آئے جن میں 20 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ایوان کو بتایا کہ ایک سال کے دوران 7 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد کی گیس چوری سامنے آئی، ایران پر پابندیوں کے باعث گیس پائپ لائن منصوبہ شروع نہیں ہوسکتا، قطر سے کم ترین قیمت پر ایل این جی درآمد کی جائے گی، تحریک انصاف کی شیریں مزاری اور پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ لاہور میں جوزف کالونی میں گھر جلانے والوں کو ابھی تک سزائیں نہیں ملیں، مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اقلیتی برادری کے متاثر ہ گھروں کی فوری تعمیر کرائی، ان واقعات میں اگر ن لیگ کے ورکرز بھی ملوث ہوئے تو انہیں بھی سزائیں ملیں گی۔