گزشتہ سال بجلی کی قیمتوں میں اوسط 2 روپے 79 پیسے کی کمی دیکھی گئی

Electricity

Electricity

لاہور (جیوڈیسک) مالی سال 17-2016ء میں عالمی منڈی میں خام تیل کی کم قیمتوں اور ایل این جی کی درآمدات میں اضافے کے باعث حکومت عوام پر کافی حد تک مہربان نظر آئی۔ بجلی کے فی یونٹ قیمت میں اوسط 2 روپے 79 پیسے کمی دیکھی گئی۔

بجلی کی قیمت میں سب سے زیادہ کمی نومبر 2016ء میں 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ ہوئی جبکہ سب سے کم کمی جولائی 2016ء میں ریکارڈ کی گئی جس میں فی یونٹ 2 روپے 49 پیسے کم کئے گئے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے فی یونٹ کی کمی ہونے سے گھریلو صارفین اور صنعتوں میں استعمال ہونے والی بجلی کے بلوں کی مد میں 6 ارب 50 کروڑ روپے کی کم ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں مالی سال بجلی پیدا کرنے والے ایندھن فرنس آئل کی قیمت 33 ہزار سے بڑھ کر 20 ماہ کی بلند ترین سطح 40 ہزار کی حد بھی عبور کر گئی۔ ایل این جی کی درآمدات کے باعث گیس کی سپلائی بڑھ جانے سے ملک میں کئی پاور پلانٹس میں گیس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں صرف اور صرف 33 فیصد ایسے پاور پلانٹس ہیں جو فرنس آئل سے بجلی پیدا کر رہے ہیں اور 35 فیصد بجلی پانی سے حاصل ہو رہی ہے جبکہ 32 فیصد بجلی گیس اور متبادل ذرائع سے حاصل ہو رہی ہے۔