اسلام آباد (جیوڈیسک) ادارہ شماریات نے مئی 2015 میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے چیف شماریات آصف باجوہ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 3.16 فیصد رہی جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں اوسط شرح مہنگائی 4.65 فیصد رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ٹماٹر 17، سبزی 11 جبکہ مرغی 10 فیصد مہنگی ہوئی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 134 پیاز کی قیمت میں 40 فیصد جبکہ دال ماش کی قیمت میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔
چیف شماریات کے مطابق گزشتہ 11 ماہ کے دوران صحت کے اخراجات میں 5.6 فیصد جبکہ تعلیمی اخراجات میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔ اداہ شماریات کے مطابق گذشتہ ایک سال میں سبزیوں کی قیمت میں بھی 18 فیصد اضافہ ہوا۔ تازہ سبزیوں اور دال چنا میں 18، بیسن میں 14 فیصد اور چینی کی قیمت میں 12 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں آلو کی قیمت میں 68 فیصد کمی ہوئی۔
چیف شماریات نے کہا کہ گھی اور کھانے کے تیل کی قیمتوں میں 11 فیصد کمی ریکارڈ کی کی گئی۔ گذشتہ سال مئی کے مقابلے میں گاڑیوں پر ٹیکس 37 فیصد بڑھا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 24 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 20 فیصد اور سفری سہولیات کی قیمتوں میں 6 فیصد کمی ہوئی۔ سگریٹس کی قیمت میں بھی 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔