لاہور (جیوڈیسک) لاہور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ریلوے کو حکومت کے پہلے 110 دن میں پچھلے سال کی نسبت ایک ارب 95 کروڑ روپے زیادہ آمدنی ہوئی ہے۔ اس دوران 5 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں حکومت کے پہلے 110 دن میں ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کا روزانہ نقصان 10 کروڑ روپے سے کم ہوکر 8 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔
27 کروڑ روپے کی 211 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متباد ل وسائل سے 50 انجن خریدے جائیں گے۔ فریٹ انجنوں کی تعداد 8 سے بڑھا کر 24 ، آئل ریزرو 2 دن سے بڑھا کر 12 دن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی بڑھانے کے لئے بڑی عید کے موقع پر ریلوے زمینوں پر منڈی مویشیاں لگائی جائیں گی۔