لیٹ اندراج امیدواروں کے کاغذات پر بے جا اعتراضات نہ لگائے جائیں۔ شہریوں کا مطالبہ

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) لیٹ اندراج امیدواروں کے کاغذات پر بے جا اعتراضات لگا کر ذلیل وخوار کیا جانے لگا۔ شہریوں کا اعلیٰ حکام سے دادرسی کا مطالبہ۔ لیٹ اندراج پراسیس کی ضابطہ کیمطابق کاروائی کیلئے جانے والے شہریوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں تعینات ڈاکٹر اجمل مختلف بے جا اعتراضات کے ذریعے شہریوں کیلئے مسائل پید ا کر رہے ہیں۔

پٹواریوں، قانونگو، تحصیلدار، اسے سی آفس وغیرہ سے تمام تر کاروائی مکمل ہو کر جانے کے بعد بھی شہریوں کی دستاویزات پر مختلف بے مقصد اعتراضات لگا دیئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے سائلین اور آفس کے عملہ کی آپس میں تکرار معمول بن گئی ہے۔ متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ عملہ کے افراد موصوف کی کاروائیوں سے پریشان ہیں ۔ شہریوں کے مطابق نوشہرہ ورکاں، کامونکی ، وزیرآباد ، گوجرانوالہ سٹی کے علاقوں، دوردراز دیہاتوں سے روزانہ سینکڑوں شہری لیٹ اندراج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس جاتے ہیں جنہیں بار بار کے چکروں میں الجھا کر ذلیل وخوار کیا جارہا ہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ لیٹ اندراج کے معاملہ میں عملہ اور افسران کی بے حسی کا نوٹس لیکر انہیں بے جا اذیتوں سے نجات دلوائی جائے۔