لاطینی امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ لاطینی امریکا کے ملک دنیا بھر میں کورونا وبا کا نیا مرکز بن گئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ لاطینی امریکی ملک کورونا کے باعث عائد پابندیاں اٹھانے میں جلدی نہ کریں، اس خطے میں کورونا کےکیس اور اس سے اموات میں دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق لاطینی امریکی ممالک میں ایک کروڑ 20 لاکھ کے قریب کیس ہیں جب کہ وہاں 60 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
برازیل میں اب تک 6 لاکھ 73 ہزار سے زائد کیس اور 36 ہزار کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔ برازیل کورونا مریضوں کی تعداد کے حساب سے دنیا میں دوسرے اور اموات کے معاملے میں تیسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
فیڈرل یونیورسٹی آف ریو کی تحقیق کے مطابق 20 جون تک برازیل میں کورونا کیسوں کی تعداد 10 لاکھ اور اموات کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ جائیں گی۔ اس کے باوجود برازیل کے شہر ساؤ پالو میں چرچ،کاروں کی دکانوں اور ڈیکوریشن اسٹور کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
میکسیکو میں کورونا کے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد کیس جب کہ 13 ہزار اموات ہو چکی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ انتہائی کم ہونے کے باعث کیسز کی اصل تعداد لاکھوں میں ہوسکتی ہے۔
ادھر یوروگوئے،کورونا وبا پر قابو پانے میں کام یاب رہا ہے جہاں تقریباً ساڑھے تین کروڑ کی آبادی میں صرف 845 کیسز اور 23 اموات ہوئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کی وجہ قرنطینہ کے بروقت اقدامات،متاثرین کا پتہ لگا کر انہیں آئسولیٹ کرنے کا بہترین نظام شامل ہے۔