ہنسی کو ورزش کا حصہ بنائیے اور بڑھاپے میں صحت کو بہتر رکھیے

Laugh

Laugh

ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ بزرگ افراد کی روزمرہ ورزش میں ہنسی کو شامل کرنے سے ناصرف ان کی مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ اس سے ان کے اعتماد اور قوت برداشت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

امریکا کے محکمہ صحت کے مطابق ہر بالغ شخص کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہفتے میں 5 روز کم از کم 30 منٹ جسمانی ورزشیں ضرور کرے تاکہ وہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔

باقاعدگی کے ساتھ ورزش بڑھتی عمر کے اثرات کو بھی کم کرتی ہے، اس سے حادثے کی صورت میں ہونے والے جسمانی نقصانات خاص طور پر کولہے کی ہڈی کو کم سے کم نقصان پہنچتا ہے۔

بین الاقوامی جریدے ’’دی گیرنٹولوجسٹ‘‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم نے بزرگ افراد کے لیے معتدل ورزشوں پر مشتمل ایک پروگرام تشکیل دیا، جس میں مصنوعی ہنسی کی مختلف ورزشوں کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں معمر افراد کو شامل کیا گیا۔

پروگرام کے شرکا ہفتے میں دو مرتبہ 45 منٹ دورانیے کے ورزشی سیشنز میں حصہ لیتے تھے۔ ہر سیشن میں ہنسی کی 8 سے 10 مختلف ورزشیں شامل تھیں اور ہر ورزش کا دورانیہ 30 سے 60 سیکنڈز ہوتا تھا۔

ورزشی پروگرام میں حصہ لینے والے 96 فیصد سے زائد بزرگ افراد کا کہنا تھا کہ اس سے ورزش کرنے میں مزہ آنے لگا ہے، 89 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ اس سے وہ ورزش کرنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں جب کہ اتنی ہی تعداد میں لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ مصنوعی ہنسی کی وجہ سے انہیں ورزش کی تحریک ملتی ہے۔

تحقیق کے مصنف سیلیسٹی گرین کا کہنا ہے کہ برزگ افراد کو اپنی جسمانی صحت برقرار رکھنے کے لیے ورزش کی جانب مسلسل متوجہ رکھنا ایک بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے لیکن ہنسی اور ورزش کا ملاپ انہیں باقاعدگی کے ساتھ ورزش جاری رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔