کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس لائن پر دہشت گردی کا حملہ ناکام بنادیا گیا جب کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈی پی او لورالائی جواد طارق کے مطابق لورالائی میں پولیس کے محکمانہ امتحان کی تیاری جاری تھی کہ اچانک تین مسلح افراد نے پولیس لائن پر حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق تینوں مسلح افراد نے پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور اس دوران مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جانب سے مزاحمت پر دو مسلح افراد نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جب کہ ان کا تیسرا ساتھی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔
ڈی پی او لورالائی کے مطابق پولیس لائن اور اطراف کے تمام راستےآمد ورفت کیلئے سیل کر دیےگئے، واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا تاہم اب صورتحال معمول پر ہے۔