اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت علما کی جانب سے امن کی کوششوں کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے تاہم مذاکرات سے پہلے پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس نے بھی اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی سفارش کی ہے اور مذاکراتی عمل کو مسلح افواج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور حاکمیت اعلی کے خلاف ہیں، پاکستان کی سرزمین کو ڈرون حملوں کی اذیت سے نجات دلانے کے لئے ہر عمل بروئے کار لائیں گے۔