واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر براک اوباما نے فائرنگ سے تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعے پر کہا ہے کہ ایک قوم ہونے کے ناطے ہمیں اس حوالے سے واضح ہونا چاہیے کہ قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف تشدد کا کوئی جواز نہیں ہے۔
امریکی صدر براک اوباما نے یہ بات وائٹ ہاؤس سے لائیو براڈ کاسٹ کے دوران کہی۔ان کا کہنا تھا ’محرکات سے قطع نظر تین بہادر پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اس خطرے کی جانب توجہ مبذول کراتی ہے جس کا سامنا یہ پولیس اہلکار روزانہ کرتے ہیں۔ ایک قوم ہونے کے ناطے ہمیں اس حوالے سے واضح ہونا چاہیے کہ قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف تشدد کا کوئی جواز نہیں ہے۔‘
صدر اوباما کا مزید کہنا تھا کہ سب کو چاہیے کہ ایسا کہا جائے اور کیا جائے کہ قوم متحد ہو نہ کہ مزید منقسم۔یاد رہے کہ امریکی ریاست لوئزیانا کے شہر بیٹن روگ میں تین پولیس اہلکار فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
بتایا گیا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں پولیس کے ہاتھوں شہر میں ایک سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ امریکی شہر ڈیلس میں پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ کر کے پانچ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔