کراچی: اتفاقیہ طور پر گولی چلنے سےمحنت کش جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) تفصیلات کے مطابق سکھن تھانے کی حدود لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم چائنا ماربل فیکٹری پر تعینات نجی سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ احمد علی کی رائفل سے مبینہ طور پر اتفاقیہ گولی چلنے سے محنت کش 45 سالہ منصور ولد امیرخان شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد کےلیے اسپتال پہنچایا جارہا تھا کہ وہ دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، بعدازاں مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی۔

ایس ایچ او سکھن صابر خاصخیلی کے مطابق مقتول گزشتہ کئی سالوں سے مذکورہ فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا، وہ لانڈھی لیبر اسکوائر کا رہائشی اور تین بچوں کا باپ ہے، پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کا کہنا ہے کہ وہ اپنی رائفل کی صفائی کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جو کہ سامنے کھڑے منصور کو لگی۔

ایس ایچ او صابر کا کہنا ہے کہ واقعہ پراسرار ہے کیونکہ مقتول کے سینے میں دائیں جانب گولی لگی ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ آخری اطلاعات تک پولیس نے قتل کا مقدمہ درج نہیں کیا تھا اور اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے لواحقین تدفین کے بعد آکر قانونی کارروائی کریں گے۔