سخت ترین قانون کی موجودگی میں بااثر افراد نے راجباہ دھونکل کو جوہڑ میں تبدیل کر دیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) حکومتی رٹ ہر جگہ ناکام ہو گئی، سخت ترین قانون کی موجودگی میں بااثر افراد نے راجباہ دھونکل کو جوہڑ میں تبدیل کر دیا۔ باربار نشاندہی کے باوجود حکام نے چپ سادھ رکھی ہے۔

عوامی ،سماجی حلقوں کا چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ۔ نہری پانیوں کے متعلق قوانین موجود ہیں جن میں نہروں کو نقصان پہنچانے اور نہری پانی کو گندا کرنے والے افراد کیخلاف کاروائی کی جاتی ہے مگر حکومتی رٹ کی ناکامی، اداروں کی غفلت کی وجہ سے آج کل نہروں کو گندے جوہڑوں میں تبدیل کرنے کا ایک سلسلہ چل نکلا ہے بااثر افراد کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے اپنی ذاتی ہائوسنگ سکیمیں تشکیل دے لیتے ہیں مگر نکاسی آب کا کوئی مناسب بندوبست نہیں کیا جاتا یہی سلسلہ انفرادی طور پردہرایا جاتا ہے۔

دھونکل راجباہ میں بھی دھونکل سے لیکر بائی پاس چوک، ویروکی، بھروکی اور دیگر مقامات پر مختلف آبادیوں کا گندا پانی ڈالا جارہا ہے جس کی وجہ سے راجباہ دھونکل گندے نالے میں تبدیل ہوتی جارہی ہے جبکہ محکمہ انہار کے عملہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث بااثر افراد نے راجباہ کے پشتے جگہ جگہ سے توڑ کر راجباہ کی شناخت کو تقریباََ ختم کردیا ہے۔ عوامی، سماجی حلقوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔