لاہور (جیوڈیسک) جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ بار اور بنچ کے تعاون سے ہی انصاف کی فراہمی آسان ہوسکتی ہے، قانون کی حکمرانی کےلیے بار اور بنچ ایک ہیں۔ سپریم کورٹ کے جج مقرر کیے جانے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی بنچ اور بار کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، ہائی کورٹ سے 32 سال سے وابستگی پر فخر ہے، اس ادارے میں کامیابی اور ناکامی دونوں کا مزا چکھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پیشہ انتہائی جذبے اور شوق کا متقاضی ہے، قانون کی حکمرانی کے لیے بار اور بنچ ایک ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہائیکورٹ کےتمام جج صاحبان بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں، قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی بنچ اور بار کی ذمےداری ہے۔ اسے سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے نامزد چیف جسٹس خواجہ امتیاز نے جسٹس عمر عطا بندیال کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔