لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کر ہی بار کی روایات کو زندہ رکھا جا سکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار کے جنرل ہاؤس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شفقت محمود چوہان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لئے وکلائنے ہمیشہ جدوجہد کی اور فعال کردار ادا کیا۔
جسے تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔جنرل ہاؤس کے اجلاس میں ہائیکورٹ بار کے قوانین میں ترامیم پیش کی گئیں جس پر غور خوض کے بعد وکلا ئنے منظور کر لیا۔ جنرل ہاؤس اجلاس میں طے پایا کہ نئے رجسٹرڈ ہونے والے ممبر کو پہلے سال اعزازی ممبرشپ دے کر اگلے سال سے مستقل ممبر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر بار کے ملازمین کے سروس سٹرکچر کی منظوری بھی دی گئی اور آئندہ سال کے ہونے والے بار کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔