لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے نظام کو مزید بہتر کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ جس کے لیے پولیسنگ، انویسٹی گیشن، پراسیکیوشن، فرانزک میں نئی اصلاحات ضروری ہیں۔
لاہور میں شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں قانون کی حکمرانی کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعدد تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے نئے تقاضوں کو مدنظر رکھنا ہو گا۔
قانون کی حکمرانی کو موٴثر اور بہتر بنانے کیلئے روڈمیپ مرتب کرنا اہم اقدام ہے، پنجاب کے نو ڈویژنز میں فرانزک سائنس لیبارٹری کے سیٹلائٹ مراکز قائم کئے جائیں گے ۔ جس سے اہم کیسوں کے شواہد کو بروقت محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سے قبل لاہور میں اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس، اساتذہ اور دیگر شعبوں میں بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہیں، میرٹ کی حکمرانی اور شفافیت پنجاب حکومت کاطرہ امتیاز ہے۔