جھنگ (تحصیل رپورٹر) معلومات تک رسائی کے قانون کے ذریعے مختلف محکموں سے متعلق عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی ان خیالات کا اظہار سی پی ڈی آئی کے پروجیکٹ کوارڈینیٹر فیصل منظور نے مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ میں جوابدہی کے عمل کو یقینی بنایا جائے ان کا کہنا تھا کہ DRTINگروپ کی جانب سے شہر میں قائم ہوٹلوں پر حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس کھانوں کی فراہمی،ہسپتال میںسرکاری ایمبولینسز کہ عدم دستیابی، غیر رجسٹرڈ کلینکل لیبارٹریز و میڈیکل سٹورز،ہوٹلز پر تعینات عملے کے میڈیکل سٹرٹیفکیٹس،جعلی ادویات کی فروخت،صحت و صفائی کی خراب صورتحال،غیر قانونی کمرشل پلازوںکی تعمیر،غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز،آلودگی کی بڑھتی ہوئی صورتحال کیساتھ ساتھ غیر معیاری کھادوں کی فراہمی سمیت شوگر ملز مالکان کی جانب سے کسانوں کو گنے کی قیمت عدم ادائیگی سے متعلق درخواستیں کین کمشنر پنجاب کو ارسال کی گئی ہیں تاکہ ان سے معلومات حاصل کرکے اس پر مربوط حکمت عملی اپنائی جاسکے معلومات کے حصول کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ تفصیلات پیش کی جائینگی۔
اس موقع پرپبلک انفارمیشن آفیسر محکمہ لائیوسٹاک ڈاکٹر سیف اللہ سرگانہ نے اپنے محکمہ کے جاری مختلف منصوبہ جات کا ذکر کیا اورشہریوں پر زور دیا کہ وہ معلومات کے حصول کیلئے بذریعہ ای میل بھی درخواست دے سکتے ہیں تاہم غیر ضروری درخواستیں دیکر انکا وقت ضائع کرنے سے گریز کیا جائے۔پبلک انفارمیشن آفیسرمحکمہ تعلیم حافظ خالد محمود نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کو سابقہ سال50درخواستیں موصول ہوئیں تمام درخواست گذاروں کو معلومات فراہم کی گئیں ان کا کہنا تھا کہ قانون بہت ہی موثر ہے تاہم اسکا مثبت استعمال ہی معاشرہ میں تبدیلی لا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اس قانون کا موثر استعمال عمل میں لایا جائے اس موقع پر انہوں نے شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔