لاہور (جیوڈیسک) ممتاز قانون دان،اینکر پرسن اور ہمہ جہت شخصیت کے مالک نعیم بخاری نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے،وہ سربراہ تحریک انصاف عمران خان کے ہمراہ آج پریس کانفرنس میں اپنی شمولیت کااعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ممتاز قانون دان،ادبی شخصیت،اینکر پرسن اور مزاح کے حوالے سے معروف میڈیا پرسن نعیم بخاری نے تحریکِ انصاف میں شمولیت حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،وہ آج شام سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی شمولیت کا اعلان کریں گے۔
یاد رہے 16 فروری 2007 میں نعیم بخاری نے اُس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو ایک کھلا خط تحریر کیا تھا، خط میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنے عہدہ کا ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے بیٹے ارسلان چوہدری کو پولیس میں ضابطہ کے برخلاف محمکہ پولیس میں نوکری دلوائی تھی۔
ذرائع کے مطابق نعیم بخاری نے اپنے خط میں اُس وقت کے وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ پر بھی الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے افتخار محمد چوہدری کے بیٹے کو خصوصی سہولیات اور پروٹوکول دینے کے لیے محکمہ پولیس کو خط لکھا تھا۔
واضح رہے نعیم بخاری کی جانب سے چوہدری افتخار کو لکھے گئے اسی خط کوپرویز مشرف نے بنیاد بناتے ہوئے چوہدری افتخار کو اُن کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا، جس کے بعد 9 مارچ 2016 کو پنجاب بار کونسل نے نعیم بخاری کی رکنیت معطل کردی تھی۔