راولپنڈی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت دوراہے پر کھڑا ہے، یہ وقت گنوا دیا تو برسوں رونا پڑے گا۔ رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین و قانون کے تحفظ کے لیے وکلا برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں، عدلیہ کی آزادی کے لئے راولپنڈی بار کا کردار بہت اہم رہا۔
وکلا سے درخواست ہے کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی جاری تحریک میں ساتھ دیں۔ عمران خان نے احتساب کے لیے خود کو پیش کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتی اداروں نے تحقیقاتی اداروں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا ، اس لئے تحریک انصاف نے تجویز کیا چیف جسٹس تحقیقات کریں ، جنہیں فرانزک ماہرین کی معاونت حاصل ہو ۔ ملک میں احتساب بیورو کو ماضی میں سیاسی مفاد کے لیے استعمال کیا گیا ، حکومت ٹی او آرز پر سپریم کورٹ نے کہا کہ ان سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔