راولپنڈی(جیوڈیسک)راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وکلا تشدد کیس میں ڈاکٹر امجد کی درخواست ضمانت خارج کر دی، گرفتاری کا حکم۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وکلا تشدد کیس میں اے پی ایم ایل کے رہنما ڈاکٹر امجد کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی انسداد دہشت گردی کے جج چوہدری حبیب الرحمان کی عدالت میں وکلا تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹر امجد کی عدم پیروی پر درخواست خارج کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر امجد نہ خود پیش ہوئے اور نہ وکیل بھیجا۔
پولیس سول لائنز راولپنڈی کے مطابق ڈاکٹر امجد شامل تفتیش نہ ہوئے اور نہ ہی عدالت میں پیش ہوئے اس لئے ان کی ضمانت خارج کی جائے۔ وکلا پر تشدد کے الزام میں ان پر دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ تھانہ سول لائنز میں درج کیا گیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے ان کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دے دیا۔