نام نہاد لیڈر اقتدار کی بھوک میں اندھے ہو چکے: رانا مشہود

Rana Mashhood

Rana Mashhood

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی کے احاطے میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اقتدار کی بھوک میں اندھے ہونے والے نام نہاد لیڈروں کو ملک وقوم کا درد نہیں ہے۔ کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت نے جو عوام کو خواب دکھائے تھے وہ پورے نہیں ہو سکے۔ اس لئے اب عمران خان اور ان کی پارٹی استعفیٰ دے کر اپنی جان چھڑوانا چاہتے ہیں۔

اب عمران خان کو عوام کی عدالت میں جواب دینا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی علاقہ نو گو ایریا نہیں ہے۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں دوبارہ رکاوٹیں کھڑی کرنا اور بیریئر لگانے کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی جس کی روشنی میں منہاج القرآن کی انتظامیہ کو اعتماد میں لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

حکومت کسی کو سیاسی سرگرمیوں سے نہیں روکے گی مگر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ گرینڈ الائنس کے سوال پر رانا مشہود نے کہا کہ چوہدری شجاعت، چوہدری پرویز الہی اور شیخ رشید کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ اب وہ اپنی سیاسی دکانداری چلانے کے لئے ڈاکٹر طاہر القادری کے ترجمان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔