لاہور (جیوڈیسک) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دھرنا گروپ کے رہنما نے ہر موقع پر جھوٹ بول کر اپنی ساکھ خراب کی، اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے ساڑھے 4 برس خدمت، دیانت اور محنت سے عبارت ہیں، ہم نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔
انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شکست خوردہ عناصر نے جھوٹ، الزام تراشی اور یو ٹرن کے ریکارڈ بنائے ہیں، دھرنا گروپ کے رہنما نے ہر موقع پر جھوٹ بول کر قوم میں اپنی ساکھ کو خراب کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خالی نعرے لگا کر تبدیلی نہیں لائی جا سکتی، تبدیلی کے لئے محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کرنا پڑتی ہے۔