لاہور (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ دھاندلی کے اہم کرداروں کے نوٹسز کی کوئی اہمیت نہیں، عوام کے ووٹ کی توہین کرنے والے تمام کردار آخر کاراپنے انجام کو پہنچیں گے، عمران خان سرخرو اور یہ لوگ قوم کے سامنے شرمسار ہونگے ،گو نواز گو کا نعرہ غیر قانونی نہیں بلکہ اس نعرے کو روکنے کیلئے حکمران جو ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں وہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں، عیدالاضحی کے بعد تحریک انصاف کے احتجاج میں شدت آئے گی۔
عید کے دن اسلام آباد میں زبردست اکٹھ ہو گا ،ہزاروں عوام تحریک انصاف کے دھرنے میں عمران خان کے ساتھ عید منائیں گے اورعیدوالے دن عمران خان خطاب بھی کرینگے ۔دریں اثنا تحریک انصاف لاہور کے نائب صدر انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد میں ہی عید منائیں گے اور دو تکبیروں اﷲ اکبر اور گو نواز گو سے اسلام آباد گونج اُٹھے گا۔