کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی و رہنما قومی اسمبلی لال ملہی کا عمر کوٹ کا دورہ، حسین لاکھانی ٹرسٹ کی جانب سے بارش متاثرین کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، حسین لاکھانی ٹرسٹ کی جانب سے بارش متاثرین میں امدادی سامان، ٹینٹ، راشن، گرم ملبوسات اور دیگر اشیاء ضروریہ کی تقسیم ، بارش متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی حنید لاکھانی نے کہا کہ سندھ کے حکمران فوٹو سیشن کے لیئے دورے کرتے رہے لوگوں کی داد رسی یا مدد کے لیئے نہیں ، اندرون سندھ میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے لیکن صوبائی حکومت صرف زبانی جمع خرچ کرتی رہی ، سندھ کے دیگر بارش متاثرہ علاقوں کی طرح عمر کوٹ کے بہت سے لوگ بے گھر ہوچکے ہیں بارش کے بعد بہت سے لوگ وبائی امراض کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ میں سندھ حکومت نے صحت کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے، ہم نے عمرکوٹ کا دورہ کیا اور جتنا ممکن ہوا لوگوں کی مدد کر رہے ہیں ، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی لال ملہی نے کہا کہ سندھ حکومت صرف کراچی میں دکھاوے کے کام کر رہی تھی، حقیقت میں صوبائی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا اور اندرون سندھ میں تو بالکل بھی توجہ نہیں دی ، جو کام سندھ حکومت کے کرنے کے تھے وہ حسین لاکھانی ٹرسٹ اور دیگر فلاحی ادارے سرانجام دے رہے ہیں ، بارش متاثرہ علاقوں میں اس وقت وبائی امراض پھوٹ رہے ہیں بہت سارے گوٹھوں کا تو زمینی رابطہ ہی ختم ہوگیا ہے لوگ امداد کے منتظر ہیں لیکن صوبائی حکومت آرام فرما رہی ہے، سندھ کی عوام پیپلز پارٹی اورسندھ حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں ، بارش متاثرین نے حسین لاکھانی ٹرسٹ اور حنید لاکھانی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہ میں راشن ، ٹینٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کے ساتھ فری طبی سہولیات بھی دیں۔