اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک، تحریک مہناج القرآن کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ مصطفوی انقلاب کیلئے لاکھوں کارکنان اپنی زندگیاں وقف کرچکے ہیں۔ 23 جون کو ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کیلئے حکومت کی جانب سے گرفتاریاں، چھاپوں سے ڈرنے والے نہیں، تمام تر رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے لاکھوں کارکنان اسلام آبادائرپورٹ پہنچیں گے۔
حکمران ڈاکٹر طاہرالقادری سے خائف ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ،سانحہ ماڈل ٹائون کے باوجود عوامی تحریک نے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا ،چاہتے تو ملک گیر سطح پر احتجاج کرسکتے تھے۔ پنجاب میں پولیس ہمارے رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مار کر ہراساں کررہی ہے۔
حکمران ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عائشہ شبیر، تحریک مہناج القرآن کے مرکزی رہنما ابرار رضا ایڈووکیٹ، عوامی تحریک اسلام آباد کے سینئر نائب صدر محمد فاروق بٹ، میڈیا سیل کے انچارج مصطفی خان اور غلام علی خان نے روزنامہ دنیا فورم میں کیا۔
پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین ، عوامی تحریک اور تحریک مہناج القرآن کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا فقیدالمثال استقبال کرنے کیلئے اسلام آباد سے 22جون کی شب دس بجے جلوس اسلام آباد ائرپورٹ کی جانب روانہ ہونگے اس مقصد کیلئے اسلام آباد سے 15ہزار سے زائد شرکاء کی رجسٹریشن کر لی گئی ہے ۔ اپنے قائد کا اسلام آباد ائر پورٹ سے لاہور تک تاریخی استقبال کریں گے اور اس ضمن میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔