لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر وسابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے بنائے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع نہ کرنا افسوسناک ہے، ماڈل ٹاؤن کیس میرٹ پر پورا اترے تو ضرور فوجی عدالت میں چلنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ، جی ایم ملک، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ساجد بھٹی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ننکانہ کے ضمنی الیکشن اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ ننکانہ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کے حوالے سے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ڈسٹرکٹ ننکانہ کی تنظیم اور کارکنوں کی مشاورت کے بعد کسی امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے آل پارٹی کانفرنس منعقد ہونی چا ہئے۔