ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ن لیگ کی قیادت نے ہم سے تعاون کیلیے ہاتھ بڑھایا ہے۔ اس لیے ہم نے بھی ان کے وزیر اعظم اور صدر کیلیے غیر مشروط حمایت کی ہے۔ لاہور علاقہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ن لیگ ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کو جو مینڈیٹ ملا ہے اس کا سب کو احترام کرنا چاہئے۔
ان پر بھی یہ فرض ہے کہ وہ ملک کی باقی دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ باہمی مشاورت سے ملکی حالات کو بہتر کرنے کیلیے مشاورت کریں، تاکہ دہشت گردی اور معاشی بدحالی سمیت دیگر بڑے مسائل کو جلد حل کیا جاسکے، اس موقع پر ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گفتگو کرتے ہوئے کہ فاروق ستار کا کہنا تھا۔
کہ اگر بلدیاتی نظام ملک میں مضبوط ہوتا تو متاثرین کو بروقت ریلیف مل سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبوں اور مرکز میں جمہوریت کی بات تو کرتے ہیں مگر محلوں، شہروں اور قصبوں میں بلدیاتی نظام کو پھلنے پھولنے نہیں دیتے۔ فاروق ستار نے کہا کہ جب تک سندھ میں ہماری حکومت رہی ہم نے بلدیاتی نظام کے تحت ہی ترقیاتی کام کروائے اور دہشت گردی جیسی لعنت سے نمٹنے کیلیے بھی موثر اقدامات کئے۔