حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ حسن علی خاں
Posted on December 13, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
مصطفی آباد/للیانی: حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ سبز باغ دکھانے والے حکمرانوں نے عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا ہے۔ انڈسٹری بند ہونے سے ہزاروں مزدور بیروزگار ہیں اور حکمران سب اچھا کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف حلقہ این اے138حسن علی خاں نے اپنے ایک بیان میںکیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کاگراف پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت کے مقابلے میں تیزی سے تنزلی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک و عوام کے لیے عزت، روزگار، معیشت کی بحالی و استحکام اور خوشحالی کے جو انتخابی وعدے کیے تھے، وہ ہوا میں تحلیل ہوگئے ہیں۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا جو بوجھ پڑاہے، ماضی کی حکومتوں میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ حکمرانوں کے ذاتی اثاثوں میں اضافہ جبکہ غریبوں کی جیبیں خالی ہوگئی ہیں۔ زراعت، صنعت، تجارت تباہ حال ہے۔
عام سرکاری ملازم اور کسانوں ، غریب متوسط طبقے کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ حکمران اقتدار کے ایوانوں سے سب اچھا کے پروانے جاری کرکے عوام میں مزید غیظ و غضب میں اضافہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران محلوں سے نکلیں تو انہیں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو جائے گا کہ عوام موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب کس کرب میں مبتلا ہیں مسلم لیگ ن کو بلدیاتی الیکشن میں معلوم ہو جائے گا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com