معروف ٹی وی اداکار شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے

Shafi Mohammad Shah

Shafi Mohammad Shah

کراچی (جیوڈیسک) اداکاری کو نئی جہت سے آگاہ کرنے والے معروف ٹی وی اداکار شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے7 برس بیت گئے۔

1949 میں سندھ کے شہر کنڈیارو میں پیدا ہونے والے شفیع محمد شاہ نے بین الاقوامی تعلقات میں ایم اے کے علاوہ قانون کی تعلیم بھی حاصل کی تھی، انہوں نے 60 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز حیدر آباد ریڈیو سے کیا، اپنے وقت میں پی ٹی وی کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار شہزاد خلیل نے اڑتا آسمان نامی ڈرامے کے ذریعے شفیع محمد شاہ کو چھوٹی اسکرین پر متعارف کرایا تاہم اڑتا آسمان ان کی پہلی ہٹ سیریل تھی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے ٹی وی کے سپر اسٹار کا درجہ حاصل کر لیا۔

30 برس کے فنی سفر کے دوران شفیع محمد شاہ نے 100 سے زائد اردو اور سندھی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے مقبول ڈراموں میں آنچ، چاند گرہن، زینت، دائرے، دیواریں، جنگل، ماروی، تپش اور لیلیٰ مجنوں شامل ہیں۔ فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں تمغۂ حسن کارکردگی کے اعزاز سے نوازاگیا۔ 2006 میں انہیں جگر کا عارضہ لاحق ہوا جس نے ان کی جان لے لی اور 2007 میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔

شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے ہیں لیکن اداکاری کو نئی جہت دینے والےاس اداکار کو پاکستانی ٹی وی کے درخشاں ستارے کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔