بلاول ہاوس کے ترجمان اعجاز درانی نے ممتاز بھٹو کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کے خلاف زہر افشانی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممتاز بھٹو وفاق پاکستان کے خلاف سازشوں کی کوشش میں مصروف عمل ہیں، جاری اعلامیہ میں ترجمان بلاول ہاس کاکہنا ہے کہ ممتاز بھٹو نے ہمیشہ پاکستان اور بھٹو خاندان کے خلاف میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کیا۔
پاکستان نہ کھپے کے نعرے لگا کر وفاق پاکستان کے خلاف سازش کی اور جنرل ضیا کے ایجنٹ کے طور پر سندھ میں کلاشنکوف اور ہیروئن کلچر کو تقویت دی۔ گزشتہ تیس سالوں کے دوران ممتاز بھٹو کبھی بھی ایک میونسپل کمیٹی کا الیکشن تک نہیں جیت سکے ، اور حالیہ انتخابات میں بھی ممتاز بھٹو اور ان کے فرزند خاص کی ضمانتیں تک ضبط ہوگئیں۔