معروف بھارتی فنکاروں نے پاکستانی فلمیں سائن کرنا شروع کر دیں

Sonu Sood

Sonu Sood

لاہور (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے معروف فنکاروں نے دھڑا دھڑ پاکستانی فلمیں سائن کرنا شروع کر دیں۔ ورسٹائل اداکار نصیرالدین شاہ کے بعد معروف اداکار سونو سود نے بھی پاکستانی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وہ نوجوان ہدایتکارعدیل پی کے کی پہلی فلم ’’عشق پوزیٹو‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرینگے۔ اس سلسلہ میں عدیل پی کے نے ممبئی کے فلم سٹی اسٹوڈیومیں سونوسود سے گزشتہ روز ملاقات کی اورفلم میں کام کرنے کی رضامندی ظاہرکرنے پرفلم کی شوٹنگ کا شیڈول ترتیب دے ڈالا۔ ممبئی سے فون پر بات کرتے ہوئے عدیل پی کے نے کو بتایا کہ میں بطور فلم ڈائریکٹر اپنی پہلی فلم ’’عشق پوزیٹو‘‘ کے دو کرداروں کی تلاش میں بھارت آیا تھا۔ جب میں پاکستان سے ممبئی کے لیے نکلا تومیں اپنی فلم میں اداکارسونوسود اورورسٹائل کرن کھیر کوسائن کرنا چاہتا تھا۔

ممبئی کے فلم سٹی اسٹوڈیو میں سونو سود کوفلم کی کہانی اوران کے کردار کے بارے میں جونہی میں نے بتایا تو انھوں نے کام کرنے کی رضامندی ظاہر کر دی۔ دوسری جانب اداکارہ کرن کھیرجو بھارتی جنتا پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں ، اپنی سیاسی مصروفیت کے باعث شاید فلم میں کام نہ کر سکیں۔ اس لیے میں نے فلم میں معروف بھارتی فوک گلوکارہ و اداکارہ ایلا ارون کو فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے جومجھے ایک روز بعد اس حوالے سے آگاہ کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ عشق پوزیٹو ‘‘ کی شوٹنگ لاہور اور آزاد کشمیر میں کی جا چکی ہے جب کہ شوٹنگ کا آئندہ سپیل بھارتی فنکاروں کے ساتھ کیا جائے گا۔ جس کے لیے ہم جلد ہی وطن واپسی پر پریس کانفرنس کر کے باقاعدہ شوٹنگ شیڈول کا اعلان کرینگے۔